پاکستان کا اساسی قومی نغمہ ، جس میں نعرہ استحکامِ پاکستان شامل ہے ، یہ نغمہ 1944 کو ایک نو عمر شاعر جناب اصغر سودائی نے تحریر کیا ، اس سے قبل یہ ایک نعرہ کی صورت میں ہندوستان کے مسلمانوں کو مقصدِ پاکستان بتانے کا ترجمان تھا ، یہ نعرہ گلی گلی اور کوچہ کوچہ میں گونجتا رہا اور پھر اسی نعرہ کی بدولت مسلمانانِ ہند نے پاکستان کی رفتار تیز تر کردی اور پھر مملکتِ خدادِ پاکستان کو مسجد سمجھ کے وجود میں لایا گیا جہاں اسلام اور انصاف کا بول بالا ہو اسی لیے بانیء پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ نے 13 جنوری 1948 کو اسلامیہ کالج پشاور میں خطاب کے دوران فرمایا تھا " پاکستان بنانے کا مقصد ایک خطہ اراضی حاصل کرنا نہیں بلکہ ہم اسلام کی ایک ایسی تجبہ گاہ بنانا چاہتے ہیں جہاں ہم اسلامی اصولوں کو اپنا کر دنیا کو اسلامی نظام سے متعارف کر واسکیں" اسی طرح حضرت قائدِ اعظمؒ بارہا مقامات پہ پاکستان کے اسلامی دستور کے حوالے سے واضح ارشادات بھی فرما چکے تھے، مگر افسوس کہ بانیء پاکستان کی جلد وفات کے بعد پاکستان میں اسلامی نظام کا نفاذ اس طرح نہیں ہو سکا جس طرح ہونا چاہیئے تھا تاہم پھر بھی پاکستان کی اساس میں کلمہ طیبہ شامل ہے اس لیے ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر کرنا چاہیئے کہ ہم اس قلعہ اسلام کے باشندہ اور سبز رنگت کے حامل ہیں، 1984 میں یہ قومی نغمہ عالمگیر اور ساتھیوں نے پاکستان ٹیلیویژن کراچی کے لیے ریکارڈ کروایا جس کی موسیقی جناب نثار بزمی صاحب نے ترتیب دی جو عسکری انداز میں تھی، پھر کلمہ طیبہ کے وقت ادب کے تقاضوں کے تحت سازوں کی خاموشی بھی اسلامی ادب کو واضح کرتی ہے، ربیع الاول کے ماہِ مبارک کے موقع پر تمام اہلِ بزم کی نذر ۔۔۔ واضح رہے کہ یہ وہ نغمہ تھا جس کی تلاش مجھے اس وقت سے تھی جب میں نے کلاس پنجم میں زیرِ تعلیم، قومی نغمات کا کلیکشن کرنا شروع کیا اور بالآ خر 7 سال کے بعد 2006 میں مجھے یہ نغمہ ملا ۔۔۔ :)
پاکستان کا مطلب کیا
لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ
اس کے رہبر سرورِ دیں (ص)
صاحبِ علم و عزم و یقیں
قرآں کی مانند حسیں
احمدِ مرسل صلی علیٰ
لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ
نغموں کا اعجاز یہی
دل کا سوز و ساز یہی
وقت کی ہے آواز یہی
وقت یہ آواز سنا
لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ
جرات کی تصویر ہے تو
ہمتِ عالمگیر ہے تو
دنیا کی تقدیر ہے تو
آپ اپنی تقدیر بنا
لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ
پاکستان کا مطلب کیا
لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ