دمشق (مانیٹرنگ ڈیسک) ترکی کی طرف سے مارگرائے جانیوالے اپنے طیارے کا ملبہ اٹھانے اور لاپتہ فوجیوں کی تلاش میں آپریشن کے دوران باغیوں نے روسی ہیلی کاپٹر کو بھی تباہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک فوجی کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے جبکہ اس کی ویڈیو بھی جاری کردی گئی ۔
ترک میڈیا کے مطابق سرحدی حدود کی خلاف وزی پر ترکی کی طرف سے مارگرائے جانیوالے طیارے کا ملبہ اٹھانے اور پائلٹوں کو تلاش کرنے کے لیے روس نے ریسکیو آپریشن شروع کیااور جیسے ہی اس کے دو ہیلی کاپٹر پہاڑی علاقے (ترک مین ماﺅنٹین) میں اترے تو قریبی موجود جنگجو نے راکٹ کے ذریعے ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایاجس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر زور دار دھماکے سے پھٹ کر بکھر گیا۔
اطلاعات ہیں کہ اس حملے میں روس کا ایک اور فوجی اپنی جان گنوابیٹھا جبکہ باغیوں نے اس حملے کی ویڈیو بھی جاری کردی اور بتایاہے کہ روسی ہیلی کاپٹر کو امریکی ساختہ میزائل سے نشانہ بنایاگیا۔ دوسری طرف روسی میڈیا نے دعویٰ کیاہے کہ باغیوں نے پائلٹ کو موت کے گھاٹ اتاردیاہے ۔