Governor Sindh Dr. Ishrat Ul Ebad Khan welcomed Azadi Train at Karachi Cantt Station.

پاکستان 2016-09-15

Views 152

4th September 2016

گورنر سندھ نے کینٹ اسٹیشن پر آزادی ٹرین کا استقبال کیا
ٹرین ملک کی چلتی پھرتی تاریخ اور ثقافت کی آئینہ دار ہے۔ گورنر سندھ

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کینٹ اسٹیشن پر آزادی ٹرین کا استقبال کیا جوکہ پورے ملک کے 4000 کلومیٹر سفر کے دوران کراچی پہنچی۔ گورنر سندھ نے ٹرین کی مختلف بوگیوں کا معائنہ کیا اور ملکی ثقافت ، ملی یکجہتی پر مبنی فلوٹس اور دیگر نمائشی اشیاء میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے انہیں سراہا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آزادی ٹرین قومی و ملی یکجہتی اور مختلف صوبوں کی ثقافت کا حسین امتزاج ہے یہ قومی ہم آہنگی ، رواداری کی بھی آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت پورے ملک میں آزادی ٹرین کا شاندار استقبال پاکستان سے عوام کی والہانہ محبت اور لگائو کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین ملک کی چلتی پھرتی تاریخ ہے اور اس کے شاندار ماضی اور تابناک مستقبل کی بھی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کی تاریخی جدوجہد کے ساتھ ساتھ مستقبل کے منصوبوں خصوصاً سی پیک اور قومی اہمیت کے دیگر منصوبوں کی تفصیل سے عوام کو ان کی اہمیت کے بارے میں آگاہی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے اسلاف کی قربانیوں سے آگاہ کرنا بھی اشد ضروری ہے یہی وجہ ہے کہ اس ٹرین میں قیام پاکستان ، جدوجہد آزادی، آزادی کشمیر اور علاقائی ثقافت کی بھی بھرپور عکاسی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے قومی و ملی یکجہتی اولین شرط ہے کیونکہ پاکستان اسی وقت ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوسکتا جب ہم سب متحد قوم بن کر اسے خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کریں ۔ انہوں نے آزادی ٹرین کی کامیابی پر پاکستان ریلویز اور دیگر متعلقہ محکموں اور اداروں کی کاوشوں کو سراہا ، واضح رہے کہ ٹرین نے 11 اگست کو اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔ اس کے 6 ڈبوں میں سندھ ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختون خواہ، گلگت و بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ثقافت کی عکاسی کی گئی ہے جبکہ 6 بوگیاں تحریک پاکستان، جدوجہد کشمیر، مسلح افواج کی خدمات و قربانیوں، مختلف اہم ترقیاتی منصوبوں اور پاکستان ریلویز کی تاریخ سے متعلق ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب سندھ لیفٹیننٹ کرنل (ر) سراج النعیم اور ڈویژن سپرنٹنڈنٹ ریلوے سندھ نثار احمد میمن بھی موجود تھے۔

Share This Video


Download

  
Report form