میانوالی (کرائم رپورٹر) وزیراعظم عمران خان کے شہر میانوالی کے محلہ نورپورہ میں 7 دن کی معصوم بچی کو سفاک باپ نے 5 گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
بیٹے کی خواہش رکھنے والے ”شاہ زیب “نامی سفاک باپ نے پہلی اولاد پیٹی پیدا ہونے پر 7 دن تذبذب میں گزار کر اپنی ہی معصوم نومولود بیٹی کو 5 گولیاں مار کر قتل کر دیا ۔ سٹی پولیس نےشاہ زیب خان ولد امان اللہ خان قوم گڈی خیل کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پاک ایشیا ویب ٹی وی کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد بتایا کہ افسوس ناک واقعہ میانوالی شہر کے علاقہ محلہ نور پورہ میں پیش آیا ہے۔ ملزم بچی کو قتل کرنے کے بعد جائے وقوعہ سے بھاگ گیا۔ معصوم بچی کی نعش ہسپتال پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کر دی گئی ہے۔
جبکہ دوسری طرف ہسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ شاہ زیب بچی کی پیدائش پر سخت نالاں تھا کہ اُس کی پہلی اولاد بیٹی کیوں پیدا ہوئی؟
افسوس ناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او میانوالی اسمعیل الرحمان کھاڑک ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچ گئے۔ اِس موقع پر پولیس کے سنیئر افسران بھی موجود تھے ۔ ڈی پی او میانوالی نے سفاک ملزم کی جلدازجلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایسے گھناؤنے جرم میں ملوث ملزم شاہ زیب خان کے خلاف میانوالی پولیس زیرو ٹالیرنس پر عمل پیرا ہےاور اِس واقعہ کے ذمہ دار سفاک ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
چیئرپرسن نیشنل کمیشن برائے حقوقِ نسواں نیلوفر بختیار نے دِل دہلا دینے والے افسوس ناک پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ظالم باپ نے7 دن کی بچی کو اس لیے قتل کیا کہ اس کو بیٹے کی خواہش تھی۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔ ہمارے ملک میں انسانی حقوق خاص طور پر خواتین کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔
دوسری جانب سماجی روابط کی ویب سائٹس پر صارفین کی جانب سے اِس واقعہ پر شدید ردِ عمل کا اِظہار کیا جا رہا ہے اور معاشرئے کی سوچ اور پِدرسری معاشرئے میں عورت ہونے کو جُرم سمجھنے والے افراد کے خلاف پُرزور مذمت کے ساتھ ساتھ معصوم بچی کے قاتل والد کی جلد گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔
بچی کی ماں کا تعلق داودخیل سےبتایا جاتا ہے۔ کرائم رپورٹر پاک ایشیا ویب ٹی وی نے بتایا کہ جامعہ مسجد اسکندرآبادمیں معصوم بچی کے نمازِ جنازہ کے وقت ہر آنکھ اشک بار تھی۔