شہر اور گردونواح میں بڑے جانوروں میں لمپی وائرس پھیل گیا، درجنوں جانور ہلاک، قصاب بیمار

PAKasiaTV 2022-05-31

Views 4

وہاڑی (شمعون نذیر — میڈیا رپورٹر) شہر اور گردونواح میں بڑے جانوروں میں لمپی وائرس پھیل گیا۔ لمپی وائرس سے درجنوں جانور ہلاک ہونے کے ساتھ ساتھ وائرس کی وجہ سے قصابوں کے بیمار ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ نقصان کے پیشِ نظر پیشے سے منسلک کاروباری افراد شہریوں کی جانوں سے کھیلنے لگ گئے ہیں اور سستے داموں جانوروں کو خرید کر گوشت فروخت کر رہےہیں جس سے انسانوں میں بھی وائرس پھیلنے کا خطرہ شدید تر ہو گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور محکمہ لائیو اسٹاک کی غفلت اور لاپرواہی سے وہاڑی شہر اور گردونواح کے علاقوں 105،ٹھینگی،بستی واہنی وال کے علاقوں میں بڑے جانوروں میں لمپی وائرس پھیل گیا۔ وائرس پھیلنے کی وجہ سے درجنوں جانور ہلاک ہوگئے ۔ مویشی پال زمینداروں نے انتظامیہ اور محکمہ لائیو اسٹاک کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے متعدد بار محکمے کے افسروں اور ڈاکٹروں کو ویکسین کے لئے فون کیا مگر انہوں نے ہماری بات پر ذرا بھی کان نہیں دھرا اورآج تک ہمارے پاس نہیں آئے۔

زمینداروں نے مزید بتایا کہ ہم اپنی جیب سے ہی جانوروں کو ویکسین لگواتے ہیں جبکہ وائرس کی وجہ سے جانوروں کے فضلہ میں بھی خون آنا شروع ہوگیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے روزگار کا انحصار انہیں جانوروں پر ہوتا ہے مگر انتظامیہ ہماری ایک بھی نہیں سن رہی۔

اہل علاقہ نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ قصاب بیمار جانوروں کو سستے داموں خرید کر گوشت بھی فروخت کر رہے ہیں جس سے لمپی وائرس انسانوں میں بھی پھیلنے کا خدشہ ہے۔

Share This Video


Download

  
Report form
RELATED VIDEOS