آج کل اکثر مسلمان اپنی اولاد کو صرف و صرف دنیاوی تعلیم دلواتے اور اسی کے لئے خوب کوشش کرتے ہوئے نظر آتے ہیں ، انہیں مہنگے سے مہنگے اسکولوں میں پڑھاتے اور ہزاروں روپے کی ٹیوشن کلاسز کا ان کے لئے اہتمام کرتے ہیں۔ اس کے برعکس ان کااپنی اولادکی دینی تعلیم وتربیت کے معاملے میں غفلت کا یہ عالَم ہوتا ہے کہ اکثریت کو دیکھ کربھی قراٰنِ کریم دُرست پڑھنا نہیں آتا ، یہاں تک کہ میں نے توکئی ایسے لوگ بھی دیکھے ہیں جن کے بچےّ انگلش تو اچّھی بول رہے ہوتے ہیں مگر انہیں کلمہ دُرُست پڑھنا نہیں آتا۔ یونہی عام طور پر انہیں ان عقائد کا علم نہیں ہوتا جن پر مسلمان کے دین و ایمان اور اُخروی نجات کا دار و مدار ہے ، دُنیوی تعلیم کی اعلیٰ ترین ڈگریاں حاصل کرنے کے باوجود انہیں نماز ، روزہ ، حج و زکوٰۃ وغیرہ فرض عبادات سے متعلّق بنیادی اور ضروری باتوں کا کوئی علم نہیں ہوتا ، وُضو و غسل کا صحیح طریقہ ، نماز کے ارکان یا نمازِ جنازہ کی دعائیں تو شاید ہی سُنا پائیں ، عُموماً دین نہ سیکھنے اور صرف دنیاوی تعلیم حاصل کرنے والی اولاد آج کل اپنے والدین کو زیادہ ستاتی اور ان کے ارمانوں کا گلا گھونٹتی نظر آتی ہے ، اپنے بوڑھے والدین کو اولڈ ہاؤس پہنچانے والی اولاد بھی عام طور پر دنیاوی تعلیم یافتہ ہی ہوتی ہے ، دینِ اسلام سے مَعَاذَ اللہ بیزار اور اس کے بنیادی احکام پر طرح طرح کے اعتراضات کرنے والے افراد بھی صرف دنیوی علوم و فنون میں مہارت رکھنے والے ہی نظر آتے ہیں۔ اب تک جتنی بھی خود کشیاں ہوئیں ہیں امید ہے ان میں کوئی ایک بھی علمِ دین کاعالم نہیں ملے گا اور اللہ پاک نے چاہا تو آئندہ بھی ایسے مبارک افراد کے بارے میں آپ ایسا نہیں سنیں گے ، البتّہ اب تک خودکشی کرنے والوں میں ایک بڑی تعداد دنیاوی تعلیم حاصل کئے ہوئے افراد کی سامنے آئی ہے۔ ہماری دنیا و آخرت کی بھلائی اسی میں ہے کہ اپنی اولاد کودین ضرور سکھائیں