اننت ناگ، (فیاض لولو): مشہور سیاحتی مقام پہلگام ان دنوں سیاحوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ حالیہ برفباری کے بعد پہلگام کی بیتاب وادی، چندن واڑی اور آڑو کی برف پوش وادیاں دلکش نظارے پیش کر رہی ہیں، جہاں بڑی تعداد میں سیاح سرمائی سیر و تفریح سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ تازہ برفباری کے مناظر نے پہلگام کی خوبصورتی کو مزید دوبالا کر دیا ہے، جس کے باعث ملکی و غیر ملکی سیاح جوق در جوق یہاں کا رخ کر رہے ہیں۔ وادی کشمیر میں بھاری برفباری کے باوجود سیاحوں کی آمد کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ چلہ کلان کے اختتام کے بعد درجہ حرارت میں قدرے اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث سیاح مختلف سیاحتی مقامات کی سیر میں مصروف ہیں۔ برف کی سفید چادر سے ڈھکے پہاڑ، درخت، جنگلات اور عمارتیں قدرتی حسن کا شاندار منظر پیش کر رہی ہیں، جس سے سیاح محظوظ ہو رہے ہیں۔
پہلگام آئے سیاحوں نے ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں میں کشمیر کی وادیاں، سبزہ زار اور برف کی سفید چادر میں لپٹے ہوئے کوہسار ایک خوابناک منظر پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی قدرتی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ یہاں کے لوگ بھی نہایت مہمان نواز اور خوش اخلاق ہیں۔ سیاحوں نے اپنے تجربات ساجھا کرتے ہوئے کہا کہ ’’کشمیر واقعی جنت ہے، برفباری کے دوران یہاں کے حسن کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے۔ ملک کے ہر شہری کو کم از کم ایک بار کشمیر آ کر اس حسنِ فطرت سے لطف اندوز ہونا چاہیے۔‘‘ سیاحوں کا کہنا تھا کہ وہ تازہ برفباری اپنی آنکھوں سے دیکھنے کی خواہش لے کر یہاں آئے تھے، جو پوری ہو گئی۔ کئی دن قیام اور مسلسل سیر و تفریح کے باوجود ان کا دل نہیں بھرا، اسی لیے وہ دوبارہ کشمیر آنے کی خواہش لے کر واپس جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہوٹل مینجمنٹ اور مقامی لوگوں کے حسنِ سلوک اور مہمان نوازی کو بھی بے حد سراہا۔
سیاحوں کی مسلسل آمد سے سیاحت سے وابستہ افراد، بالخصوص ہوٹل مالکان اور مقامی تاجر، کافی مطمئن نظر آ رہے ہیں۔ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے مقامی تاجر محمد عثمان نے کہا کہ برفباری کے بعد اس سال پہلگام میں سیاحوں کی اچھی خاصی تعداد دیکھنے کو ملے گی، جس سے مقامی معیشت کو فروغ حاصل ہوگا۔ واضح رہے کہ مسلسل خشک سالی کے بعد کشمیر کے میدانی علاقوں میں برفباری نہ صرف شعبہ سیاحت کے لیے خوش آئند ہے بلکہ اس سے کسانوں میں بھی اچھی امید پیدا ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس برفباری سے زیر زمین پانی کی سطح بہتر ہوگی اور زراعت کو فائدہ پہنچے گا۔ مجموعی طور پر پہلگام اور وادی کشمیر اس وقت برفانی حسن کی بدولت سیاحوں کے لیے ایک یادگار تجربہ ثابت ہو رہی ہے، جہاں فطرت کا بے مثال حسن اور کشمیری مہمان نوازی سیاحوں کے دل جیت رہی ہے۔