Aalam Aur Aalim Holi Special Episode of 2013 with Aamir Liaquat Husain & maharaj jai kumar Terwadi 2-4-2013

Views 331

Aalam Aur Aalim Holi Special Episode of 2013 with Aamir Liaquat Husain & maharaj jai kumar Terwadi 2-4-2013

اسلام اقلیتی برادری کے احترام کا درس دیتا ہے،ڈاکٹرعامر لیاقت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہرمذہب میں ایک معبود حقیقی کا تصورموجود ہے اورہرعقیدے کی بنیاد توحید پر استوار ہے تاہم اس کے اظہاراور تشریح کے طریقے مختلف ہیں ،عصر حاضر میں توحید کا خالص ترین تصور صرف دین اسلام میں موجود ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ حسن سلوک سے ایک دوسرے کو قریب لایا جائے جس طرح رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے حسن اخلاق سے اپنے خون کے پیاسوں کو اپنا گرویدہ بنالیا تھا۔ اِن خیالات کا اظہارڈاکٹرعامر لیاقت حسین نے جیو کے شہرہٴ آفاق پروگرام ”عالم اور عالم“ میں ممتاز عالم دین علامہ حمزہ علی قادری اورمہاراج جے کمار ترویدی سے گفتگو کے دوران کیا۔ہولی کے موقع پربراہ راست نشرہونے والے پروگرام میں خوبصورت پیغام دیتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ اپنی جگہ رہ کر دوسرے کو اِس طرح دیکھیں کہ ایسے محسوس ہو کہ آپ اُسے محبت سے دیکھ رہے ہیں،یہ ہی بین المذاہب ہم آہنگی کا سب سے سادہ اور بنیادی قرینہ ہے۔ مسیحی برادری کے تہوار ایسٹر کے بعد بین المذاہب ہم آہنگی کے سلسلے کی دوسری کڑی میں ہندو برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہوں نے ہولی کے حوالے سے ہندو مت کی مذہبی کتابوں میں موجود دیومالائی روایات بیان کیں۔ گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ اسلامی ریاست میں اقلیتوں کو وہ تحفظ اور حقوق حاصل ہیں جن کا تصور بھی کسی دوسرے معاشرے میں نہیں کیا جاسکتا، ان کا کہنا تھا کہ حقوق کے معاملے میں اسلامی حکومت کی نگاہ میں مسلم اور غیر مسلم کا کوئی فرق نہیں ہے بلکہ وہ بالکل برابر کے شہری ہیں۔ پروگرام کے دوران ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اہل سنت سندھ کے نائب امیر علامہ حمزہ علی قادری نے کہا کہ نیکی اور بدی کی جنگ ازل سے جاری ہے اور ابد تک جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ نیکی اور بدی پر مبنی کردار ہر مذہب میں پائے جاتے ہیں تاہم روایات میں اختلاف موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وحدت انسانی کا پیغام یہ ہے کہ سب اللہ کے رنگ میں رنگ جائیں جس طرح صوفیائے کرام نے لاکھوں لوگوں کو وحدانیت کے رنگ میں رنگ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ غیر مسلموں کو اسلامی مملکت میں ہر طرح کے حقوق حاصل ہیں اور میثاق مدینہ کے بعد جس طرح غیر مسلموں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا گیا تھا آج بھی اسی طرز عمل کی پیروی کرنا ضروری ہے۔ ہولی کے موقع پر خصوصی طور پر پروگرام میں شریک سوامی نارائن مندر کے پنڈت مہاراج جے کمار ترویدی نے ھندو برادری کی جانب سے ہولی کا تہوار منانے کی وجوہات اور اس سے منسوب تاریخی روایات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہندو برادری میں یہ دن مسرت کے اظہار اور بدی پر نیکی کی فتح کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔ میزبان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہندو برادری کو مکمل مذہبی آزادی اور حقوق حاصل ہیں اور یہاں رہ کر کبھی اجنبیت کا احساس نہیں ہوا۔ پروگرام کے دوران کراچی سے منیش شرما اور کامران نے ہولی کے متعلق پوچھے گئے سوالات کے درست جوابات دے کر بیش قیمت انعامات بھی جیتے۔ پروگرام کے دوران اندرون سندھ مقیم ہندو برادری نے خاص طور پر دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور ٹیلی فون کالز اور ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اسے فاصلوں کو کم کرنے کی کاوش اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا ذریعہ قرار دیا۔
www.aamirliaquat.com, Twitter: @aamirliaquat

Share This Video


Download

  
Report form